ملائم سنگھ یادونے مودی کوبھی بنایانشانہ،وعدے یاددلائے،چھوٹی بہوکے لیے مانگاووٹ
لکھنؤ، 15 فروری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)اتر پردیش میں اسمبلی انتخابات میں دوسرے مرحلے کی پولنگ کے دوران اپنی چھوٹی بہو ارپنا یادو کی تشہیرکرنے آئے لکھنؤ پہنچے ملائم سنگھ یادوسے میڈیانے خصوصی بات چیت کی۔ بابری مسجدکی شہادت پر اپنی بات رکھتے ہوئے ملائم سنگھ نے کہاکہ میری ذمہ داری تھی کہ ہم مسجد نہیں گرنے دیں گے، میں نے کہا تھا جب تک میں ہوں یہ نہیں گرنے دیں گے۔مجھے دکھ ہے کہ مسجد بچانے میں بہت سے لوگوں کو اپنی جان بھی گنوانی پڑی۔ مسلمان بھائیوں پرجب بھی مصیبت آئی تو مجھے کھڑا ہونا پڑا۔اگر ہم نے سخت کروائی نہ کی ہوتی تو اقلیتوں کااعتماد ٹوٹ جاتا۔ملائم سنگھ نے صاف کہا کہ حکومت رہے نہ رہے لیکن ہم اپنا وعدہ ضرور پورا کریں گے۔شیو پال کیلئے تشہیر کرنے کے بعد ارپنا کوتشہیر کرنے پہنچے ملائم نے کہا کہ ارپنا کی جیت ملائم کی جیت ہے، پارٹی کا احترام تو ہے ہی اس کی جیت ہماری جیت ہے۔ ارپنا اگر جیتیں گی تویہاں بہت کام کریں گی۔آپ کو بتا دیں کہ ارپنا یادو لکھنؤ کی کینٹ اسمبلی سیٹ سے الیکشن لڑ رہی ہیں۔یہاں ان کا مقابلہ بی جے پی امیدوار ریتا بہوگنا جوشی سے ہے۔ریتا اسی سیٹ سے گزشتہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کے ٹکٹ پر جیتی تھیں لیکن انتخابات سے چند ماہ پہلے انہوں نے بی جے پی کا دامن تھام لیا تھا۔ملائم نے کہاکہ ایک وعدہ ہم نے کیا ہے کہ لیور، گردے یا کوئی سنگین بیماری ہو تو مریض کوملک و بیرون ملک میں مفت علاج مہیا کرایا جائے گا۔اگر کوئی بیمار ہوا اور اسے دہلی، ممبئی یا بیرون ملک بھیجنا پڑے تو ہم اس کا علاج کرائیں گے۔ بیماروں کو مفت علاج کرائیں گے، سب جانتے ہیں کہ ہم جو کہتے ہیں وہ کرتے ہیں۔وعدوں کے نام پر ملائم سنگھ نے مودی پربھی نشانہ لگایا۔ انہوں نے کہا کہ مودی یوپی کی وجہ سے وزیر اعظم ہیں لیکن انہوں نے جو وعدہ کیاتھااسے پورانہیں کیا۔ مودی نے 15 لاکھ کا وعدہ کیا تھا لیکن 15 روپیہ بھی نہیں دیا۔اپنے کاموں کا حوالہ دیتے ہوئے سماج وادی پارٹی کے سابق قومی صدر نے کہا کہ میں نے بہت کام کیا لیکن لوگ میرے کئے کام کونہیں بتاپارہے ہیں۔ ملائم نے یہ بات بھی دہروائی کہ اکثریت ملنے کے بعداکھلیش کو وزیراعلیٰ بنایا۔